بھٹکل ،20 / مئی (ایس او نیوز) شہر کے پی ایل ڈی بینک میں ڈیلی لیبر کے طور پر خدمات انجام دینے والے 24 ملازمین کو مستقبل ملازم کے طور پر تقرر کیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے کوآپریٹیو سوسائٹیز کاروار کے سب رجسٹرار نے سابق ایم ایل اے سنیل نائک کی صدارت والے بورڈ اف ڈائریکٹرس کو ایک سال کے لئے نااہل قرار دیا اور بینک کے انتظام سے بے دخل کرتے ہوئے نئے انتخابات ہونے تک کے لئے ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا ۔
سنیل نائک کی صدارت میں ہوئے غیر قانونی اقدام پر کارروائی کرتے ہوئے بینک کے 15 رکنی بورڈ آف ڈائریکٹرس کو سب جسٹرار کی جانب سے نااہل قرار دئے جانے اس فیصلے کے بعد کل کمٹہ میں کوآپریٹیو سوسائٹیز کے اسسٹنٹ جسٹرار ناگ بھوشن کلمنے نے بھٹکل پی ایل ڈی بینک ایڈمنسٹریٹر کا چارج لیا ۔
خیال رہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرس نے ملازمین کی تقرری کے لئے کمیٹی تشکیل دینے ، کوآپریٹیو اسسٹنٹ رجسٹرار کے نمائندے کو شامل رکھنے، تقرری کے لئے درخواستیں طلب کرنے، تحریری اور زبانی انٹرویو لینے جیسے قوانین کی پابندی کیے بغیر ہی ڈیلی لیبرس کو مستقل ملازمین کا درجہ دیا تھا ۔ اور یہ اقدام کوآُپریٹیو سوسائٹیز ایکٹَ 1960 کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔
پی ایل ڈی بینک بورڈ آف ڈائریکٹرس کے جن اراکین کو ایک سال کے لئے نا ہل قرار دیا گیا ہے وہ قانون کے مطابق ایک سال تک کسی دوسرے بینک کے انتخاب میں بھی حصہ لینے یا نامزد کیے جانے کے اہل نہیں ہونگے ۔ جبکہ پی ایل ڈی بینک کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرس کے انتخابات کے ابھی صرف ڈیڑھ مہینہ باقی ہے ۔